دوست بنانے میں مدد کرنے والا خودکار چیٹنگ سافٹ ویئر
auto chatting help software friends

مشہور ڈیٹنگ ویب سائٹ ’’میچ ڈاٹ کام‘‘ نے صارفین سے خودکار چیٹنگ کرنے اور انہیں ہم مزاج افراد سے دوستی کرنے میں مدد دینے والا سافٹ ویئر یعنی ’چیٹ بوٹ‘ متعارف کرایا ہے جس کا نام ’’لارا‘‘ رکھا گیا ہے۔

اس ویب سائٹ پر رجسٹر ہونے کے بعد فیس بُک میسنجر میں ٹیکسٹ میسجز کے ذریعے صارف اس چیٹ بوٹ (Chatbot) سے رابطہ کرتا ہے۔ سب سے پہلے ’لارا‘ آپ کو خوش آمدید کہتی ہے اور پھر آپ سے ذاتی پسند ناپسند اور شخصیت کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں سوالات کرتی ہے۔ درجنوں سوال جواب کے بعد یہ آپ کے سامنے باری باری ایسے افراد کے نام تجویز کرتی ہے جو ممکنہ طور پر آپ کےلیے اچھے دوست ثابت ہوسکیں گے۔ پچھلے سال یہ سروس فرانس میں شروع کی گئی تھی لیکن اب اس کا اجراء برطانیہ میں بھی کردیا گیا ہے۔ میچ ڈاٹ کام کا کہنا ہے کہ اس ویب سائٹ پر رجسٹر ہونے سے پہلے کسی بھی صارف کو 30 سے زائد حوالوں سے تقریباً 50 سوالوں کے جوابات دینا پڑتے ہیں یعنی اس طرح یہ ویب سائٹ اپنے صارفین کی تفصیلات سے بخوبی آگاہ ہوجاتی ہے۔ دوست بنانے میں مدد دینے کےلیے ’لارا‘ ان ہی تفصیلات کا جائزہ لینے کے بعد صارف کے سامنے اس کے ہم مزاج لوگوں کے نام تجویز کرتی ہے۔ واضح رہے کہ پچھلے سال سے فیس بُک کی جانب سے میسنجر کو چیٹ بوٹس کےلیے استعمال کرنے کی باضابطہ اجازت دی گئی ہے جس کے بعد مختلف خدمات فراہم کرنے والے اداروں نے اپنے اپنے کاموں کےلیے میسنجر سے استفادہ کرنا شروع کردیا ہے۔ کمپیوٹر سائنس کے شعبے میں مصنوعی ذہانت کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ’لارا‘ اور اس جیسے دوسرے چیٹ بوٹس صرف ہم مزاج اور یکساں پسند ناپسند والے افراد کو ایک دوسرے کے قریب لانے کا کام ہی نہیں کریں گے بلکہ ان کی بدولت انسانی نفسیات کے مختلف پہلوؤں کو ایک نئے انداز سے سمجھنے کی بھی نئی راہیں کھلیں گی۔

تازہ ترین

اپنا تبصرہ چھوڑیں