پاکستان سُپر لیگ فائنل کی سیکیورٹی کیلئے فل ڈریس ریہرسل
national stadium psl security

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں شیڈول پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) 2018 کے فائنل کے لیے شہر میں فل ڈریس ریہرسل کی جارہی ہے۔

پی ایس ایل تھری کے فائنل کے لیے کی جانے والی اس ریہرسل میں پولیس، رینجرز اور آرمی کے جوان حصہ لے رہے ہیں جن کی تعداد 8 ہزار سے 10 ہزار تک ہے۔ فل ڈریس ریہرسل کے پہلے مرحلے میں سیکیورٹی اہلکار کراچی کے قائدِ اعظم انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے نجی ہوٹل تک ریہرسل کریں گے بعدِ ازاں ہوٹل سے نیشنل اسٹیڈیم تک کی سیکیورٹی کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس دوران سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات بھی کیے گئے ہیں، جبکہ اسٹیڈیم کے اطراف میں پولیس رینجرز اور آرمی کے اعلیٰ افسران بھی موجود ہیں۔ نیشنل اسٹیڈیم میں کسی کو بھی اندر جانے کی اجازت نہیں دی جارہی جبکہ میڈیا نمائندوں کو بھی سخت چیکنگ کے بعد اسٹیڈیم کی حدود میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی۔ اس تمام ریہرسل کا جائزہ لینے کے لیے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی اسٹیڈیم کا دورہ کریں گے۔ یاد رہے کہ 9 فروری کو وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت پی ایس ایل فائنل کی سیکیورٹی کی تیاری سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں صوبائی وزیر داخلہ، وزیر صحت، وزیر بلدیات، وزیر کھیل، چیف سیکریٹری، پرنسپل سیکریٹری، ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ پولیس، کمشنر کراچی، ایڈیشنل آئی جی کراچی، ایڈیشنل آئی جی اسپشل برانچ، سینئر مینجر سیکیورٹی پی سی بی، جنرل مینجر قومی کرکٹ اسٹیڈیم کراچی و دیگر سمیت اہم سیکیورٹی اور سول حکام شریک ہوئے۔

تازہ ترین

اپنا تبصرہ چھوڑیں