سونم کے انداز سے سوناکشی کو پریشانی
sonam style sonakshi trouble

بولی وڈ فیشن آئکن اداکارہ سونم کپور نہ صرف اداکاری بلکہ فیشن میں بھی منفرد نام رکھتی ہیں۔

ان کے حوالے سے کہا جاتا ہے کہ وہ نئی بولی وڈ اداکاراؤں میں واحد منفرد فیشن آئکن ہیں، تاہم سوناکشی سنہا ان کے فیشن انداز کو مختلف نظر سے دیکھتی ہیں۔ سوناکشی سنہا کا ماننا ہے کہ اگرچہ سونم کپور فیشن میں منفرد مقام رکھتی ہیں، تاہم ان کا انداز غیر ضروری ہوتا ہے۔ سوناکشی سنہا کی اس بات پر سونم کپور کو غصہ تو نہیں آیا، البتہ انہوں نے اپنے غیر ضروری رویے پر ساتھی اداکارہ سے معافی مانگ لی۔  سونم کپور کی جانب سے معافی مانگے جانے پر سوناکشی سنہا نے وضاحت کی کہ انہوں نے یہ بات ماحول کو دلچسپ بنانے کے لیے کہی، اسے دل پر نہ لیا جائے۔ سوناکشی سنہا نے سونم کپور کے فیشن اور ان کے غیر ضروری رویے کی بات اداکارہ نہیا دھوپیا کی ٹی وی شو ’ووگ بی ایف ایف‘ میں کہی۔ شو کی میزبان نے سوناکشی سنہا سے سونم کپور کے فیشن اور ان کے انداز سے متعلق بات کرنے کے لیے کہا، جس پر انہوں نے ’پیڈ مین‘ اداکارہ کے فیشن رویے کو غیر ضروری قرار دیا۔ سوناکشی سنہا کی اسی بات پر سونم کپور نے ٹوئیٹ میں ساتھی اداکارہ سے معافی مانگی تو ’دبنگ گرل‘نے وضاحت کی کہ انہوں نے یہ بات مذاق میں کہی۔ سونم کپور نے ٹوئیٹ کی کہ انہوں نے ہمیشہ سوناکشی سنہا کی عزت کی ہے، انہیں یاد نہیں کہ انہوں نے کبھی ان کے سامنے اپنا غیر ضروری رویہ ظاہر کیا ہے، لیکن اگر سوناکشی سنہا کو ایسا لگتا ہے تو وہ اس پر معذرت خواہ ہیں۔ سونم کپور کی ٹوئیٹ کے جواب میں سوناکشی سنہا نے بھی ٹوئیٹ کی کہ ان کی بات کو دل پہ نہ لیا جائے۔ سوناکشی سنہا کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ بات شو کو بہتر بنانے کے لیے کی، تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ انہیں ایسا نہیں کہنا چاہیے تھا۔ خیال رہے کہ اسی شو میں فیشن ڈزائنر منیش ملہوترا بھی موجود تھے، جنہوں نے سونم کپور کی تعریف کرتے ہوئے انہیں حقیقی فیشن آئکن قرار دیا۔ منیش ملہوترا نے سونم کپور کی تعریفوں کے پُل باندھتے ہوئے کہا کہ وہ بہت ہی شاندار ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ سونم کپور بہت ٹیلنٹڈ ہیں، اور انہیں لگتا ہے کہ اسی وجہ سے ہی انہیں بہت ذیادہ فلموں میں کام کرنا چاہیے۔ واضح رہے کہ سونم کپور متعدد بار منیش ملہوترا کی مصنوعات کی تشہیر کر چکی ہیں۔ اپنی تعریفیں کرنے پر سونم کپور نے منیش ملہوترا کا شکریہ بھی ادا کیا۔

تازہ ترین

اپنا تبصرہ چھوڑیں

متعلقہ خبریں