ملتوی ہونے والی ’پروجیکٹ غازی‘ نئے ٹریلر کے ساتھ ریلیز کیلئے تیار
project ghazi pakistani film released project trailer

‘پروجیکٹ غازی’ پاکستان کی صرف پہلی سپر ہیرو فلم ہی نہیں بلکہ پاکستان کی ایسی پہلی فلم بھی تھی جس کی ریلیز اس کے پریمیئر کی رات ہی ملتوی کردی گئی۔

تاہم اب دو سال بعد یہ فلم واپس سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جارہی ہے، جبکہ فلم ساز کو یقین ہے کہ اس بار یہ متاثر کرنے میں کامیاب رہے گی۔ فلم ’پروجیکٹ غازی‘ کی ٹیم 2017 سے اس فلم پر دوبارہ کام کررہی ہے، جس کا اب ایک نیا ٹریلر سامنے آگیا، جبکہ اس کی ریلیز تاریخ کا بھی اعلان کردیا گیا ہے۔

فلم میں شہریار منور، ہمایوں سعید اور سائرہ شہروز کام کرتے نظر آئیں گے۔پرانے ٹریلر کے ساتھ ساتھ نئے ٹریلر کا موازنہ کیا جائے تو اس میں کچھ تبدیلیاں تو کی گئیں البتہ امید کی جاسکتی ہے کہ اس بار فلم کی ایڈیڈنگ، ساؤنڈ اور وی ایف ایکس پر بہتر کام کیا گیا ہو۔یاد رہے کہ فلم ’پروجیکٹ غازی‘ کو 2017 جولائی میں ریلیز کرنے کا ارادہ کیا گیا تھا، تاہم اس کی ریلیز سے ایک رات قبل فلم کا پریمیئر کراچی میں منعقد کیا، جس کے بعد اس ہی رات اس کی ریلیز ملتوی کرنے کا فیصلہ سامنے آگیا۔فلم کے پریمیئر پر موجود ناظرین نے ساؤنڈ اور فلم کی ایڈیڈنگ کی شکایت کی، جبکہ فلم کی کہانی بھی نامکمل نظر آئی۔پریمیئر کی رات فلم کے آغاز کے 20 منٹ بعد ہی مرکزی اداکار ہمایوں سعید سینما ہال چھوڑ کر وہاں سے چلے گئے۔اس وقت ہمایوں سعید کا  کہنا تھا کہ ’جب میں نے پریمیئر میں فلم دیکھی تو یہ ظاہر ہورہا تھا کہ یہ نامکمل ہے، میں نہیں چاہتا تھا کہ یہ فلم پروجیکٹ غازی کو پیش کرے، یہ ناظرین کو نہیں دکھائی جاسکتی، میں نے فلم کی ریلیز روکنے کے لیے چند کالز بھی کیں، میرے خیال سے فلم کو ابھی 4 سے 6 مہینے اور چاہئیں تاکہ اس کی بہتر ریلیز ہوسکے‘۔

تاہم اب شہریار منور کے مطابق فلم میں موجود مسائل کو حل کردیا گیا ہے۔ اداکار کا  کہنا تھا کہ ’فلم کی آواز میں آنے والے مسائل کو حل کردیا گیا ہے، میں نے اس فلم پر بےحد محنت کی ہے اور مجھے امید ہے کہ یہ اس بار متاثر کرنے میں کامیاب ہوگی‘۔ فلم ’پروجیکٹ غازی‘ رواں سال 22 مارچ کو سینما گھروں میں ایک اور پاکستانی فلم ’لال کبوتر‘ کے مدمقابل ریلیز ہوگی۔

 

 

تازہ ترین

اپنا تبصرہ چھوڑیں