کیل مہاسے آپ کی جلد کو جوان رکھتے ہیں، جدید تحقیق
  • 0
  • 0

http://tuition.com.pk
pimples skin

خواتین کو چاہئے کہ اب وہ کیلیں اور مہاسے ختم کرنے کےلئے طرح طرح کی کریمیں اور لوشن استعمال کرنا چھوڑ دیں کیونکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ نوجوانی میں چہرے پر مہاسوں کی وجہ سے ان پر بڑھاپے یعنی عمر رسیدگی کے اثرات بہت کم واقع ہوتے ہیں۔

کنگز کالج لندن کی سیمون ربیرو اور ان کے ساتھیوں نے مجموعی طور پر 1,439 جڑواں خواتین پر کئے گئے دو الگ الگ مطالعات میں دریافت کیا ہے کہ وہ لڑکیاں جن کے چہروں پر نوبلوغت یا نوجوانی کے زمانے میں مہاسے نمودار ہوجاتے ہیں، ان پر آئندہ عمر میں بڑھاپے کے اثرات بھی بہت کم پڑتے ہیں۔تحقیقی مجلے ’’جرنل آف انویسٹی گیٹیو ڈرمیٹالوجی‘‘ میں شائع ہونے والی اس رپورٹ کے مطابق، عمر رسیدگی سے حفاظت صرف ظاہری نہیں ہوتی بلکہ اندرونی یعنی خلوی سطح پر عمل میں آتی ہے۔قدرے تکنیکی اور سائنسی زبان استعمال کی جائے تو یہ کہا جاسکتا ہے کہ نو بلوغت/ نوجوانی میں جن لڑکیوں کے چہروں پر مہاسے ہوتے ہیں، ان میں خاصی عمر گزرنے کے بعد بھی ’’ٹیلومرز‘‘ (telomeres) کی لمبائی زیادہ رہتی ہے۔ٹیلومر کیا ہیں؟کسی بھی جاندار کا تمام ڈی این اے ’’کروموسومز‘‘ (chromosomes) کہلانے والی لمبی لمبی سالماتی زنجیروں کی شکل میں پیچ در پیچ لپٹا ہوتا ہے جبکہ یہ کروموسوم بذاتِ خود جوڑوں (pairs) کی شکل میں ہوتے ہیں۔ انسان میں کُل 46 کروموسوم ہوتے ہیں جو 23 جوڑوں کی شکل میں ہوتے ہیں۔ نطفے اور بیضے کے خلیوں میں 46 کی جگہ 23 کروموسوم (بغیر جوڑوں کے) ہوتے ہیں جبکہ خون کے سرخ خلیات (Red Blood Cells) میں کروموسوم نہیں ہوتے۔ انہیں چھوڑ کر انسان کے باقی ہر جسمانی خلئے (body cell) میں کروموسوم کے مکمل جوڑے موجود ہوتے ہیں۔ہر کروموسوم کے دونوں سروں پر نیوکلیوٹائیڈ سالمات کی اضافی تہہ بھی چڑھی ہوتی ہے جنہیں ’’ٹیلومرز‘‘ کہا جاتا ہے اور ٹیلومرز کا کام کروموسومز کو ایک دوسرے میں ضم ہونے سے بچانے کے علاوہ ہر کروموسوم کی حفاظت کرنا بھی ہوتا ہے۔ اسی مناسبت سے انہیں کروموسومز کے ’’ڈھکنے‘‘ (caps) بھی کہا جاتا ہے۔پیدائش کے وقت ہر ٹیلومر کم و بیش 11,000 نیوکلیوٹائیڈ سالمات پر مشتمل ہوتا ہے لیکن جیسے جیسے عمر بڑھتی ہے، ویسے ویسے (ہر بار خلئے کے تقسیم ہونے پر) ٹیلومر کی لمبائی یعنی نیوکلیوٹائیڈ سالمات کی تعداد میں کچھ کمی واقع ہوتی چلی جاتی ہے۔ یہاں تک کہ جب انسان بڑھاپے کی منزل پر پہنچتا ہے تو ٹیلومرز میں صرف 2,000 یا اس سے بھی کم نیوکلیوٹائیڈز باقی رہ جاتے ہیں۔

تازہ ترین

اپنا تبصرہ چھوڑیں